کوئٹہ(خ ن)چیف سیکرٹری بلوچستان،کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے37 گرانفروش کو گرفتارکرلیاگیا جبکہ 5 دکانیں سیل کردی گئیں۔ جبکہ متعدد دکان داروں کو سختی سے تنبیہ کی گئی۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثار احمد لانگو کی زیر نگرانی سریاب ڈویژن میں پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے کارروائیاں گزشتہ ماہ سے جاری ہیں اس دوران سرکاری نرخنامے کی مکمل عملداری کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اس حوالے سے روزانہ کہ بنیادپر چھاپہ مار ٹیمیں مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں گذشتہ روز قمبرانی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 10 گرانفروشوں کو گرفتار کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ عوام اس حوالے سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کریں تاکہ انتظامیہ بروقت کارروائی عمل میں لائے۔اس سلسلے میں کسی سے کوئی بھی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر نگرانی خصوصی سیل گرانفروشوں، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر مفاد عامہ کے معاملات کی نگرانی کررہا ہے ضلع بھر میں کارروائیاں جاری ہیں انتظامیہ کی حتی الوسعی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔جبکہ اسسٹنٹ کمشنر صدر اور اسپیشل مجسٹریٹ صدر کی نگرانی میں پرائس کنٹرول کمیٹی نے نوحصار،سمنگلی روڈ اور نوا کلی بازار میں کارروائی کرتے ہوئے 27دکانداروں کو گرفتار جبکہ 3دکانیں سیل کردی گئیں جبکہ عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات ہٹا دی گئیں۔