لندن ( زاہد انور مرزا) وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف مصر میں عالمی کانفرنس کے بعدملکی صورتحال پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے مشاورت کے لیے لندن پہنچ گئے۔ اس موقع پر عمران خان کے مجوزہ لانگ مارچ پربھی بات ہوگی،وزیراعظم کالندن میں قیام ایک دن سے زیادہ ہوسکتاہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ملکی صورت حال پر پارٹی قائد نواز شریف سے مشاورت کے لیے مصر سے براہ راست لندن روانہ ہو گئے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ٹوئٹر بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مصر کے شہر شرم الشیخ میں موسمیاتی کانفرنس ’’کوپ 27‘‘ میں شرکت کے بعد نجی پرواز کے ذریعے نجی دورے پر لندن روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے اہم امور پر مشاورت کریں گے، جس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیالات کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم، پارٹی قائد نواز شریف سے عمران خان کے مجوزہ لانگ مارچ کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔ امکان ہے کہ وزیراعظم کا نجی دورۂ لندن ایک دن سے زیادہ طویل بھی ہو سکتا ہے۔