کراچی (نیوز ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی ، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل باجوہ سمیت مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شاندار کامیابی پر ٹیم پاکستان کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
صدر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ پاکستان نے زبردست میچ کھیلا، محمد رضوان، بابر اعظم ، شاہین شاہ آفریدی اور نوجوان محمد حارث کی شاندار پرفارمنس رہی، گرین شرٹس آپ ہمارے لیے باعث فخر ہیں.
فائنل میچ کے لیے ہماری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے جذبہ، عزم اور نظم و ضبط لکھ کر قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ میگا ایونٹ میں زبردست واپسی پر مبارکباد کے مستحق ہیں ۔
آرمی چیف کا کہنا ہےکہ بہترین پرفارمنس کے ساتھ سیمی فائنل جیتنے پر ٹیم پاکستان کو مبارک باد، فائنل کے لیےگڈلک، پاکستان زندہ باد۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی سیمی فائنل میں قومی ٹیم کی فتح پر مسلح افواج کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا گیا کہ فائنل کے لیے نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹر پر ’پاکستان زندہ باد‘ بھی لکھا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ایک شاندار جیت سمیٹنے پر بابر اعظم اور ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
امریکی سفارتخانہ نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کیخلاف شاندار کامیابی پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباددی ہے۔
بدھ کو ٹوئٹ میں امریکی سفارتخانہ کی جانب سے کہاگیا ہے کہ اب ساری نظریں میلبورن میں کھیلے جانے والے فائنل پر مرکوز ہیں،شاںدار گرین شرٹس ،پاکستان زندہ باد۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل جیتنے پر ڈھیروں مبارک باداور فائنل میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ٹی 20ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ۔