کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان ذوہیب حسن کے پہلے سوال چیئرمین تحریک انصاف نیب سے کیا چاہتے تھے؟ احتساب یا اپوزیشن کا صفایا؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ نواز شریف الیکشن سے پہلے واپس آجائیں گے لیکن شاید وزیراعظم کے امیدوار نہ ہوں عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے تمام تر شکایات کے باوجود انہی سے ریلیف چاہتے ہیں،سابق وزیراعظم دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح سیاست میں فوج کے کردار کی نفی نہیں کرتے،سہیل وڑائچ نے کہا کہ عمران خان اپنے دورحکومت میں احتساب کم اور مخالف سیاستدانوں کو مثال زیادہ بنانا چاہتے تھے، پی ٹی آئی حکومت میں اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان ایک صفحہ پر تھے، دونوں ہی چاہتے تھے کہ سیاستدانوں کو گرفتار کر کے سزائیں دی جائیں، اسی لیے اپوزیشن کے بہت سے رہنما لمبے عرصہ تک جیل میں رہے، عمران خان جمہوریت کی روح کو تسلیم نہیں کرتے ، سابق وزیراعظم دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح سیاست میں فوج کے کردار کی نفی نہیں کرتے ۔