کراچی ( اسٹاف رپورٹر)اکتوبرکے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوںکی طرف سے 2.2ارب امریکی ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری اعلامیہ کے مطابق اکتوبر 2022 کے دوران کارکنوں کی طرف سے موصول ہونے والی 2.2ارب امریکی ڈالر کی ترسیلات میں ماہ بہ ماہ 9.1فیصدجبکہ سال بسال 15.7فیصد کی کمی ہوئی ہے ۔جولائی تا اکتوبر مالی سال 23 کے دوران مجموعی طور پر 9.9ارب امریکی ڈالر کی ترسیلات آئیں جو گذشتہ سال کی اسی مدت کی نسبت 8.6فیصد کم ہیں۔اکتوبر 2022 کے دوران بیشتر ترسیلات سعودی عرب 570.5ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات 427ملین ڈالر، برطانیہ 278.8ملین ڈالر، اور امریکہ 253.1ملین ڈالرسے موصول ہوئیں۔