کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر محمد حارث کو ورلڈ کپ کی دریافت قرار دیا جارہا ہے۔فائنل میں مضبوط انگلش بولنگ اٹیک کے خلاف ان کی صلاحیتوں کا اصل امتحان ہوگا۔ انگلش بولروں کے ساتھ کوالٹی اسپنرز بھی ہیں۔ میلبورن میں فائنل سے قبل محمد حارث کے ساتھ محمد یوسف تھرو ڈاؤن اسپیشلسٹ کے ساتھ مل کر ایک چھوٹا سا میچ کھیل رہے تھے۔ حارث کو ایک اوور میں مخصوص رن بنانے تھے، اور اس کے لیے انھیں ہائی پیس کا سامنا تھا۔ وہ باؤنس پر ایک دو مرتبہ بیٹ ہوئے تو انھوں نے اونچی آواز میں انگریزی زبان میں کہا ’واٹ از گوئنگ آن (یہ کیا ہو رہا)۔اس کے بعد جب انھیں پہلی گیند اوور پچڈ ملی تو انھوں نے کور اور مڈآف کے بیچ سے ویسے ہی ان سائیڈ آؤٹ شاٹ لگائی تاہم پھر جب محمد حارث کو بولنگ کرانے کے لیے محمد نواز آئے تو ایسا محسوس ہوا جیسے حارث اسپن کھیلنے میں زیادہ پراعتماد دکھائی نہیں دے رہے۔ فائنل میں عادل رشید اور معین کی گھومتی گیندوں کے سامنے انہیں سخت آزمائش سے گذرنا ہوگا