کوئٹہ (آن لائن )عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری اطلاعات اخلاق بازئی نے مرکزی رہنما شہید وطن خان جیلانی خان اچکزئی کو ان کی بارہویں اور سابق صوبائی ترجمان شہید اسد خان اچکزئی کو ان کی دوسری برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حالات میں پشتونوں کودرپیش مسائل ومشکلات کا حل صرف متحد ہوکر فخر افغان باچاخان کے فلسفے عدم تشدد میں مضمر ہے ،شہید حاجی جیلانی خان اچکزئی نے ہمیشہ پشتونوںکویکجا کرنے کیلئے جدوجہد کی ،جس کے مثبت اثرات معاشرے پرمرتب ہوئے ،شہید اسد خان اچکزئی کو بھی اے این پی کے مشن کی سزا دی گئی ۔جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں پشتون عوام بحیثیت قوم درپیش مشکلات ومسائل کے ادراک ،پشتونخوا وطن کو مصائب سے نکالنے کیلئے یکجا ہوکر خود کو ذہنی ،سیاسی طورپر حالات کے مقابلے کیلئے تیار رکھیں ،انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ خان جیلانی خان اچکزئی کی بارہویں اور شہید اسد خان اچکزئی کی دوسری برسی کی مناسبت سے 18نومبر کو صبح 10بجے قدیمی عیدگاہ چمن میں شہدا کی یاد میں منعقدہ جلسہ میں بھر پور شرکت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ شہید جیلانی خان اچکزئی صحیح معنوں میں باچاخان کے پیروکار کی حیثیت سے وطن میں امن وخوشحالی کیلئے کوشاں رہے برادر قبیلوں کے درمیان جاری عداوتوں ورنجشوں کے خاتمے میں پیش پیش رہے اور سب سے بڑھ کر وہ فکر باچاخان کا عملی نمونہ تھے اور مرتے دم تک اس پر کاربند رہے ۔