اسلام آباد، پشاور (نیوز ایجنسیاں، اسٹاف رپورٹر) حکومت نے کہا ہے کہ عمران خان امریکی سائفر اور سازشی بیانیہ سے دستبرداری کی قیمت چکائیں، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کی اپنی بیرونی سازشی تھیوری کی تردید شیطانی کردارکی یاددہانی ہے.
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کئی ماہ تک گلیوں، بازاروں میں امریکی سازش کا الزم لگانے پر قوم ان کا محاسبہ کرے، نئے آرمی چیف پر نواز شریف سے اب تک کوئی مشاورت نہیں ہوئی، تعیناتی پر مشورہ وزیراعظم کی صوابدید ہے.
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان ملک کو تہس نہس کرکے سازشی بیانیہ سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، جواب دینا ہوگا، یہ ملکی مفاد سے کھیلنے والے فارن فنڈد فتنے کی بات سُننے والوں کیلئے سوالیہ نشان ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیار ولی نے کہا عمران خان کا امریکی سائفرکا بیانیہ عوام کو گمراہ کرنے کی سازش تھی.
پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا عمران خان کا سائفر کے معاملے پر یو ٹرن قابل قبول نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کی جانب سے سائفر کے حوالے سے دیئے گئے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی نےایف ٹی سےانٹرویو میں اپنی بیرونی سازشی تھیوری کی تردیدکی.
عمران نیازی کی اپنی بیرونی سازشی تھیوری کی تردیدشیطانی کردارکی یاد دہانی ہے، شیطانی کردار نے پاکستان کے بیرونی تعلقات کو نقصان پہنچانے میں کرداراداکیا۔
دوسری جانب پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کئی ماہ تک بیرونی سازش کا الزام لگانے سے پیچھے ہٹنے کی عمران خان کو قیمت چکانی چاہیے.
امریکا ایک عالمی طاقت ہے جس سے گزشتہ 75 سال سے ہمارے تعلقات رہے ہیں جن میں اتار چڑھا آتا رہا ہے مگر اس شخص نے انکی دہلیز پر جاکر الزام عائد کیا،جو شخص بیٹی اور بہن کے رشتے کا احترام نہ کرے، اپنی والدہ کے نام پر بنائے گئے اسپتال کے پیسے اپنی سیاست پر استعمال کرے، آج کہتا ہے بیرونی سازش، امپورٹڈ حکومت، سائفر، حقیقی آزادی کو بھول جاؤ،پنجاب میں انکی اپنی حکومت ہے پھر بھی اس کی مرضی کے مطابق ایف آئی آر درج نہیں ہوتی تو اسکا گلہ بھی مخلوط حکومت کے ساتھ ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایوان کو اس بات پر نوٹس لینا چاہیے کہ ایک شخص آٹھ ماہ سے گلیوں، بازاروں میں بیرونی سازش کے الزامات لگاتا رہا ہے اور گزشتہ روز ان الزامات کو لپیٹ لیا ہے تو اس شخص کو اسکی قیمت ادا کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ باہر کے ممالک سے ملنے والی قیمتی گھڑیاں نکال کر انکی جگہ اسی طرح کی نقلی گھڑیاں رکھی گئیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مخلوط حکومت نے گزشتہ 6 ماہ میں کسی سیاستدان یا سیاسی کارکن کو اپنے بغض کا نشانہ نہیں بنایا نہ ہی قومی احتساب بیورو (نیب)نے کسی پر مقدمہ بنایا اور نہ ہی کسی پر میری طرح آرٹیکل 6 لگایا گیا۔
انہوںنے کہاکہ اس ملک میں ایسے حادثات بھی ہوئے ہیں کہ اس شخص کو ساڑھے تین سال تک اقتدار ملا تو ڈی جی آئی ایس آئی کو بلا کر کہتا تھا کہ میرے سارے مخالفین کو اندر کرو۔انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 6 ماہ سے کوشش کر رہے ہیں کہ ملک کے حالات ٹھیک ہو جائیں اور عمران خان جو کھنڈرات چھوڑ گئے ہیں ان پر نئی عمارت تعمیر کی جائے۔
علاوہ ازیں اسلام آبادمیں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ وزیراعظم کرینگے، اس سلسلے میں ابھی تک مشاورت نہیں ہوئی، یہ ہوائی خبریں ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ قوم عمران خان کا محاسبہ کرے۔
صحافی نے سوال کیا کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے امریکی سازش پر بیان تبدیل کیا ہے، کیا اب بھی اسے سازش کہا جائیگا؟ اس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ کیا عمران پہلی بار مکر رہا ہے وہ ہر چیز سے مکر جاتا ہے، گزشتہ چار سال سے کتنی باتیں کیں ، کسی بات پر کھڑا رہا ہے؟ عمران خان کس حالت میں ہوتا ہے اور کیا کہہ جاتا ہے اسے خود یاد نہیں رہتا۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا کہ نواز شریف کا آرمی چیف تعیناتی میں کوئی کردار ہے؟ اس پر جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی چیف تعیناتی پر مشورہ وزیر اعظم کی صوابدید ہے، وزیر اعظم ہی آرمی چیف تعیناتی کا فیصلے کرینگے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان! امریکی سازش کا بیانیہ پسِ پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہو گی ، آپ کو جواب دینا پڑیگا، جس بیانیہ پہ پورے ملک میں انتشار اور جھوٹ پھیلایا، جواب دیئے بغیر صرف دستبرداری کافی نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج عمران سے سوال نہیں بلکہ آج عمران کی بات پہ یقین کرنے والوں کے لئے سوالیہ نشان ہے، جھوٹے ، ملکی مفاد سے کھیل کھیلنے والے فارن فنڈڈ فتنے کی بات سننے والوں کے لئے سوالیہ نشان ہے، پارلیمان کو ، افواجِِ پاکستان کو ، اداروں کو غدار ٹھہرا کر صرف یہ کہہ کر کہ its behind me and its over اور بات ختم ؟ ایسے نہیں عمران خان ایسے نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے جھوٹ کے لئے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی، عمران خان ملک کو تہس نہس کر کے آج امریکی سازش کے بیانیہ سے دستبردار ہو گئے ہیں، عمران خان نے اپنے حامیوں کو پاگل اور بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی سازش کا معاملہ ختم ہو چکا، پاکستان کو امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے چاہئیں۔جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے بیرونی سازش کے حوالے سے عمران خان کے نئے موقف پر ردعمل میں کہا کہ ملکی سالمیت کو دا پر لگانے والا آج کہہ رہا ہے کہ معاملہ ختم ہوچکا۔