اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے وفاقی دارالحکومت کے تاجروں کی پی ٹی آئی دھرنا کے باعث سڑکوں کی بندش کیخلاف درخواست پر آئی جی پولیس اسلام آباد سے 17 نومبر تک رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پیر کو سماعت کے موقع پر درخواست گزاروں کی جانب سے سردار عمر اسلم ایڈووکیٹ ، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری شبیر خٹک عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ موٹروے وفاقی حکومت کا سبجیکٹ ہے ، حکومت موٹروے کو کیوں نہیں کھلواتی؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ لا اینڈ آرڈر صوبائی حکومت کا معاملہ ہے اس لئے بند ہوتا ہے۔