کراچی (ٹی وی رپورٹ)تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہےکہ سو ، سوا سو لوگوں کا نان الیکٹڈ گروپ ہے جنہوں نے پاکستان کو ہوسٹیج بنایا ہوا ہے، سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے ایم این ایز اور سینیٹرز کو عدالت میں داخل نہیں ہونے دیا جو اس پٹیشن پر دستخط کررہے تھے،پاکستان میں نان الیکٹڈ گروپ ہے جو 1951ء کے بعد سے پاکستان کے اوپر حکمرانی کرتا آرہا ہے،ہم تو اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، اداروں کے بغیر ملک نہیں چل سکتا،سپریم کورٹ کے غیر منتخب ججز بہت طاقتور ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ اس سوال پر کہ ایف آئی آر والا معاملہ پیر کو عدالت میں جانا تھا، آپ لوگوں نے اس پر پٹیشن دائر کی ہے؟ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ وہ تو پریس کانفرنس ٹیلیویژن پر لائیوچلی ہے، میں آپ کو اس سے زیادہ اہم بات بتاتا ہوں، سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے ایم این ایز اور سینیٹرز کو سپریم کورٹ میں داخل نہیں ہونے دیا جو اس پٹیشن پر دستخط کررہے تھے، پاکستان میں آپ نے فیصلہ کرنا ہے، آپ منتخب لوگوں کو عزت نہیں دے رہے، اگر کوئی گریڈ بیس یا گریڈ اکیس کا افسر اتنا طاقتور ہے کہ اس کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں کیا جاسکتا، دوسری طرف گریڈ بیس کا افسر رجسٹرار صاحب اتنے طاقتور ہیں کہ ایم این ایز اور سینیٹرز کا سپریم کورٹ میں داخلہ بند کردیتے ہیں، سپریم کورٹ کے ججز جو غیرمنتخب شدہ آفس ہولڈرز ہیں وہ اتنے طاقتور ہیں ، اس میں کیا شبہ ہے کہ عمران خان سب سے مقبول لیڈر ہیں، اس میں کیا شبہ ہے کہ اس وقت لوگ نکل رہے ہیں، سوچیں اس ملک میں عوا م کی حیثیت کیا ہے۔