• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسانوں کو گندم کے بیج خریدنے کا معاوضہ دیا جائے، بلاول

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام کسانوں کو گندم کے بیج خریدنے کیلئے معاوضہ ادا کریں قطع نظر اس کے کہ انکی زمین اور رقبہ کیا ہے۔ چیئرمین کی ہدایت پر منظور وسان کی سربراہی میں3رکنی کمیٹی قائم ‘کمیٹی میں شرجیل میمن اور سید ناصر شاہ شامل ہو نگے ، کمیٹی کسانوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے بعد تصدیق کرے گی تاکہ جلد از جلد رقم کی ادائیگی کی جاسکے۔ بات ہدایت انھوںنے پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ ربیع کی فصل کیلئے کاشتکاروں نے جو بیج خریدا ہے اس کیلئے آئندہ 20 دنوں میں انھیں نقد رقم کی فراہمی شروع کی جائے۔چیئرمین پی پی پی کو بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب سے 36 لاکھ ایکڑ رقبے پر تیار فصل کو نقصان پہنچا ہے جس سے کاشتکاروں کو 421 ارب روپے کا نقصان ہوا ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے انھیں مفت ضروری اشیاء فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پہلے اقدام پر کسانوں کو گندم کے بیج کیلئے نقد رقم کی منتقلی کے ذریعے 5000 روپے فی ایکڑ معاوضہ دیا جارہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس اقدام کیلئے صوبائی حکومت نے 8.39 ارب روپے فراہم کیے ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے 4.7 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے کل 13.5 ارب روپے کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے چیئرمین کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈنگ کے وعدے کے بعد کھاد پر سبسڈی کی فراہمی پر کام کیا جائے گا جسکے لیے 46 ارب روپے درکار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے چیئرمین کو بتایا کہ ورلڈ بینک 25ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کی مدد کر رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید