لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کا ایک طرف سود کے حق میں اپیلیں واپس لینے کا اعلان دوسری جانب شرح سود میں اضافہ دو رنگی ہے، فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جمعہ کو ملک بھر میں یوم انسداد سود منایا جائے گا، حکومت اسلامی نظام معیشت کا مکمل روڈمیپ دے۔ سود سے متعلق 1839ءکے ایکٹ کو ختم کر کے اسلامی قانون سازی کی جائے، قوانین سے ربا (انٹرسٹ) کے الفاظ تحلیل کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امرا جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، میاں محمد اسلم، امیر ضلع نصر اللہ رندھاوا اورشعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔