عظمیٰ صدیقی
کھانا پکانا خواتین کا روز کا معمول ہے لیکن اس سے زیادہ مشکل کام یہ سوچنا ہے کہ آج کیا پکا ئیں؟ ہر دوسرے دن بیف ،مٹن ،چکن اور سبزی کھا کھا کر دل بھی بھر جاتا ہے۔ اسی لیےاس ہفتے آپ کے لیے پیش خدمت ہے ،مختلف دال کی تراکیب ،ہمیں اُمید ہے کہ آپ کو یہ ضرور پسند آئیں گی۔
……ماش کی دال……
اشیاء: ماش کی دال آدھا کلو ،ادرک آدھی چھٹانک، لہسن دس جوے ،پیاز ایک عدد ، نمک ،لال مرچ پسی ہوئی حسب ِضرورت، ہری مرچ چار عدد ،گرم مسالہ پسا ہوا دو چائے کے چمچے ،ہرا دھنیا حسب ِضرورت، تیل حسب ِضرورت
ترکیب : دال ایک گھنٹے قبل بھگو دیں۔ اب تیل میں پیاز کو سنہری تل لیں اور ساتھ ہی لہسن پیس کر ڈا ل دیں ۔تھوڑی دیر بھونیں کے بعد اس میں نمک، مرچ شامل کرکے مزید بھونیں۔ بعدازاں اس میں دال دھو کر ڈالیں اور پانچ منٹ تک بھونیں۔ اب اس میں ایک پیالی پانی اور ادرک کاٹ کر ڈال دیں اور دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے اور تیل اوپر آجائے تو ہری مرچ اور ہرا دھنیا کاٹ کر ڈال دیں۔ تھوڑی دیر کے لیے دم پر رکھ دیں ۔مزیدار ماش کی دال تیار ہے گرم گرم چپاتی کے ساتھ نوش فرمائیں۔
……مونگ کی دال……
اشیاء: مونگ کی دال آدھا کلو ،لال مرچ پسی ہوئی ، ہلدی پسی ہوئی،نمک ، ادرک ،پیاز،ہرا دھنیا حسب ِ ضرورت، تیل حسب ِ ضرورت ،گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ۔
ترکیب : دال ایک گھنٹے بھگودیں اب دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز سنہری تل لیں اور دال دھو کر ڈال دیں ساتھ ہی نمک ،مرچ ،لہسن ،ادرک ،ہلدی شامل کردیں اور پانی ڈال کر پکائیں۔ جب دال گل جائے اور تیل اوپر آجائے تو ہرا مسالہ شامل کر کے تھوڑی دیر کے لیے دم پر رکھ دیں ۔ڈش میں نکالیں اور گرم مسالہ ڈا ل کر چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔
……ثابت مسور……
اشیاء: مسور کی دال آدھا کلو، لہسن، پیاز ،لال مرچ پسی ہوئی، ہرا مسالہ حسب ِضرورت ،تیل حسب ِضرورت۔
ترکیب : دال دھو کر پکنے کے لیے رکھ دیں اورنمک بھی ساتھ شامل کردیں۔ جب آدھی دال گل جائے تو تمام مسالے تیل میں بھون کر ڈال دیں اور ساتھ ہی تھوڑا پانی بھی شامل کردیں۔ جب دال اچھی طرح گل جائے تو ہرا مسالہ کاٹ کر ڈال دیں بعدازاں تھوڑی دیر دم پر رکھ کر اتارلیں۔ مزیدار مسور کی دال تیار ہے۔