راولپنڈی (جنگ نیوز) پنجاب کے وزیر کوآپریٹو اور وائس چیئرمین صوبائی کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ یہ حقیقت نوشتہ دیوار کی طرح عیاں ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اس وقت پاکستان کے مقبول ترین اور ہردلعزیز رہنما ہیں۔ حقیقی آزادی مارچ کے راولپنڈی پہنچنے پر اہلیان راولپنڈی اپنے محبوب قائد کا پرتپاک اور فقید المثال استقبال کرینگے۔ ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پاکستان اور عوام کی محبت میں اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی سیاسی جدوجہد میں بہادری اور دلیری کی جو تاریخ رقم کی ہے اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ انشاء اللہ حقیقی آزادی مارچ کامیابی و کامرانی سے ہمکنار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہی کی قیادت میں عوامی خدمت کا مشن جاری و ساری ہے اور صوبائی حکومت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ حقیقی آزادی لانگ مارچ کی عوامی مقبولیت نے مخالفین پر لرزہ طاری کر دیا ہے۔ راولپنڈی کے عوام آزادی مارچ میں اپنا فیصلہ کن کردار ادا کرینگے۔