کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) انگلش فٹبال ٹیم نے ورلڈکپ میں جارحانہ اندازسے مہم کا آغاز کرتے ہوئے ایرانی کے چھکے چھڑادیے۔ نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔اپنے گذشتہ چھ انٹرنیشنل میچز میں فتح سے محروم انگلش ٹیم کی بڑی جیت کے ساتھ واپسی کی۔ پیر کو بکائیو ساکا کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سابق عالمی چیمپئن انگلینڈ نے فیفا ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں ایران کو باآسانی 6-2 سے شکست دیدی، کھیل کے ابتداء میں ایرانی گول کیپر ساتھی کھلاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تبدیل کردیا گیا۔ انگلینڈ نے پہلے ہاف میں تین گول کئے جبکہ ایران کے دونوں گول مہدی تریمین نے دوسرے ہاف میں کئے۔ گروپ اسٹیج بی میں ثماما اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے سست روی سے کھیل کا آغاز لیکن اس کے بعد35 میں منٹ میں کھیل تیزی آئی اور انگلش کھلاڑی جوڈ بیلنگھم نے گول کرکے ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی ۔43 ویں منٹ میں ساکا نے اپنا پہلا اور ٹیم کا دوسرا گول اسکور کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل رحیم اسٹرلنگ نے کراس ہٹ پر خوبصورت گول کرکے ٹیم کا تیسرا گول کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر انگلینڈ کو تین صفر کی برتری حاصل کی۔ دوسرے ہاف میں بھی انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے ایران پر دباؤ برقرار رکھا۔ 62ویں منٹ میں ساکا نے ٹیم کا چوتھا اور اپنا دوسرا گول کیا۔ بالاخر ایرانی کھلاڑی مہدی تریمی نے 65 ویں منٹ میں گول کرکے ایران کا خسارہ 4-1 کیا۔ انگلینڈ کے مارکس رشفورڈ نے 71 منٹ میں گول کرکے اسکور 5-1 کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم کا چھٹا گول گریلیش نے بنایا جبکہ انجری ٹائم میں انگلینڈ کے کھلاڑی کے فاؤل کرنے نے ایران کو پنالٹی کک ملی جس پرمہدی تریمی نے 2-6 کیا۔ دن کے دوسرے میچ میں ہالینڈ نے سینیگال کو زیر کرلیا۔ کھیل کے آخری لمحات میں ہالینڈ کے کھلاڑیوں نے ڈرامائی انداز میں مسلسل دو گول کرکے اپنی ٹیم کو کو سینیگال کے خلاف دو صفرکی کامیابی دلوا دی۔ گیکپو اور کلاسین نے گول کئے۔ میچ کے دوران تین کھلاڑیوں کو فائنل پلے کا مظاہرہ کرنے پر یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔ گروپ اے میں خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کھیل کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے کی کوششیں کیں۔ بالاخر ہالینڈ کے گیکپو نے 84 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صرف کی برتری دلوائی اور اس کے بعد کھیل کے اختتامی لمحات کے اضافی وقت میں کلاسین نے گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی کا اسکور 2-0 کردیا۔