• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان، سعود، ابرار، محمد علی کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے کھل گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی نے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم اور تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز سے ڈراپ کردیا ۔ فواد کی جگہ سعود شکیل اور یاسر شاہ کی جگہ زاہد محمود کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔نوجوان پلیئرز کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے کھل گئے۔پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں اسپنر ابرار احمد اور نوجوان فاسٹ بولر محمد علی کو شامل کیا گیا ہے ۔ حسن علی بھی سلیکٹرز کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔ تجربہ کار وکٹ کیپر سرفراز احمد کو بھی محنت کا صلہ ملا ہے۔ فہیم اشرف کی بھی واپسی ہوئی ہے۔پی سی بی کا دعوی ہے کہ کراچی کے فاسٹ بولر میر حمزہ ان فٹ ہیں۔ پیر کو چیف سلیکٹر محمد وسیم نے پریس کانفرنس میں18 رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔ فواد عالم نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے تین ٹیسٹ کی چار اننگز میں33 اور سری لنکا میں واحد اننگز میں25ر نز بنائے۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کے چار ٹیسٹ میں حسن علی پانچ وکٹ حاصل کر سکے۔ یاسر شاہ نے سری لنکا کے خلاف 9 اور قائد اعظم ٹرافی کے سات میچوں میں14 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ 30 سالہ فاسٹ بولر محمد علی گزشتہ سال قائد اعظم ٹرافی کے 8 میچوں میں 22 کی اوسط سے 32 وکٹیں لے کر کامیاب ترین بولر تھے۔ وہ اس سال بھی قائد اعظم کے سب سے کامیاب فاسٹ بولر ہیں اور 6 میچوں میں 25 کی اوسط سے 24 وکٹیں لے چکے ہیں ۔ نوجوان لیگ اسپنر ابرار احمد نے گزشتہ سال ڈومیسٹک فارمیٹ میں صرف دو میچوں میں 17 وکٹیں لی تھیں۔ اس سال وہ قائد اعظم ٹرافی میں اب تک سرفہرست بولر ہیں اور 7 میچوں میں 22 کی اوسط سے 43 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔ محمد وسیم نے کہا فواد عالم اور یاسر شاہ کا ڈومیسٹک میں فارم کا مسئلہ لگ رہا ہے،اسے لیے زاہد کو موقع دیا، نئے لڑکوں کی فارم کی بنیاد پر فواد عالم اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا پائے ہیں۔حارث رؤف کو منتخب کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ریڈ بال کرکٹ میں زیادہ آپشنز دستیاب نہیں ، حارث ٹی20 کی طرح ٹیسٹ میں بھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم اچھی ہے اور تینوں فارمیٹ میں اچھا کھیل پیش کر رہی ہے، لیکن ہمیں ہوم کنڈیشنز کا فائدہ حاصل ہے۔ پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔ بابراعظم (کپتان) ، محمد رضوان(نائب کپتان) ، عبداللہ شفیق ، ابرار احمد، اظہر علی ، فہیم اشرف ، امام الحق، حارث رؤف ، محمد علی ، محمد نواز ، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ ، نعمان علی ، سلمان علی آغا ، سرفراز احمد ، سعود شکیل ، شان مسعود اور زاہد محمود ۔

اسپورٹس سے مزید