کراچی (اسٹاف رپورٹر) بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلش کرکٹ ٹیم ابوظبی سے اسلام آباد لینڈ کرے گی ۔اسکواڈ میں کھلاڑیوں کے ساتھ شیف بھی ساتھ ہوگا۔ انگلش ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل سات ٹی 20 میچز کھیلنے کراچی اور لاہور آئی تھی، اس نے گذشتہ تجربہ کے مد نظر شیف لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمر میزان انگلینڈ ٹیم کے شیف ہوں گے، وہ2018 فیفا ورلڈکپ اور یورو 2020 کے میں انگلینڈ فٹبال ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں اور معاون عملے نے شکایت کی تھی کہ کھانا معیاری نہیں تھا۔بعض کھلاڑیوں کو پیٹ کی خرابی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ معین علی نے کراچی کے کھانوں کو لاہور سے بہتر قرار دیا تھا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش بورڈ نے اس متعلق پی سی بی کو پہلے بتادیاتھا، دنیابھر میں ٹیموں کا اپنے ساتھ شیف لے کر جانا معمول کی بات ہے،آسٹریلین کرکٹ ٹیم شیف ساتھ لائی تھی۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو کھلاڑیوں کی طبیعت خراب یا کھانوں پر شکایت کا نہیں بتایاگیا، شیف کا کام اسپیشل کھانے بنانا نہیں بلکہ ہوٹل باورچیوں کی معاونت کرنا ہے۔وہ کوالٹی چیک کرنے کے ساتھ پلیئرز کیلئے دیسی اور انگلش کھانے بنانے میں مدد دیگا۔ کھلاڑی وہی کھانا کھلائیں گے جو پاکستانی کھلاڑیوں کو دیاجائےگا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹرز پاکستانی کھانے بھی شوق سے کھاتے ہیں۔