• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ایچ کیو کو عمران خان کی بذریعہ ہیلی کاپٹر پریڈ گراؤنڈ آمد و روانگی پر اعتراض نہیں، ضلعی انتظامیہ کا اجازت سے انکار

اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی کاپٹر لینڈ کرنے کے معاملے پر جی ایچ کیو نے خط لکھ دیا۔خط میں تحریک انصاف کوباضابطہ طورپر آگاہ کیا گیا ہے کہ پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد انتظامیہ کی حدود ہے، ان سے اجازت طلب کی جائے۔

جی ایچ کیو کو پریڈ گراؤنڈ میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی آمد اورروانگی پرکوئی اعتراض نہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان کا کہناہے کہ جی ایچ کیو نے اجازت دے دی جبکہ ڈپٹی کمشنر نے منع کردیا ہے۔

عمران خان کی پْرامن حقیقی آزادی مارچ میں بحفاظت شرکت کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال اہم ہے۔

جی ایچ کیو کے این او سی کے بعد ہیلی کاپٹر کی آمد و روانگی میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں، جی ایچ کیو کے مراسلے کے بعد وفاقی حکومت بہانہ سازی ترک کرے۔

ادھراسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو ریلی کی مشروط اجازت دے دی لیکن پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی کاپٹر لینڈ کرنے کی اجازت نہیں دی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پریڈ گراؤنڈ انتہائی حساس مقام ہے‘ پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی پیڈ موجود ہی نہیں‘36شرائط وضوابط کے ساتھ مخصوص روٹ سے ریلیوں کو راولپنڈی پہنچنے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی چیئرمین کی دستخط شدہ شرائط پر مبنی حلف نامہ آج جمعہ تک ڈی سی آفس میں جمع کروایا جائے‘حلف نامہ جمع نہ کروانے کی صورت میں اجازت نامہ منسوخ تصور کیا جائے گا۔

اسلام آباد انتظامیہ نے مختلف صوبوں سے آنے والوں کے لیے روٹ پلان جاری کردیا، جس کے مطابق مظاہرین طے شدہ روٹس پر ہی نقل و حرکت کر سکیں گے۔

اہم خبریں سے مزید