• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ میں ایران کا سفر شروع، ویلز کو مات دیدی، میچ میں گرما گرمی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) فیفا ورلڈ کپ فٹ بال میں ایران نے سنسنی خیز مقابلے میں ویلز کو شکست دے کر میگا ایونٹ میں سفر کی اپنی امیدیں زندہ کرلیں، اسے اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ نے 6-2 سے مات دی تھی۔ایران اور ویلز کا میچ دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں گھمسان کا میدان بن گیا اس دوران کھیل نہ صرف انتہائی سنسنی خیزرہا بلکہ کھلاڑی بھی ایک دوسرے سے الجھتے نظر آئے، ویلز کے گول کیپر نے ایرانی کھلاڑی کو روکنے کیلئے اس کے سینے پر لات ماری جس پر انہیں میدان بدر کیا گیا، اختتامی لمحات کے انجری ٹائم کے دو منٹ میںایرانی کھلاڑیوں نے دو مسلسل گول کرکے فیفا ورلڈ کپ کےگروپ بی کے اپنے دوسرے میچ میں ویلز کو 2-0 کی شکست دیدی۔ میچ کے دوران ایرانی گول کیپر اور کھلاڑیوں نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ویلز کی بدقسمتی پہلے ہاف میں اس کے یقینی گول کو ایرانی گول کیپر نے ناکام بنایااور ایرانی کھلاڑیوں کے دو یقینی گول ، گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگئے۔ احمد بن علی اسٹیڈیم میں ایران اور ویلز کے درمیان مقابلہ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا، 12ویںمنٹ میں ویلز کے کھلاڑیوں نے عمدہ موو کے ذریعے ایرانی گول پر بھرپور حملہ کیا لیکن ایرانی گول کیپر حسین حسینی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یقینی گول بچایا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں ایرانی کھلاڑی میچ پر چھائے نظر آئے۔51 ویںاور 52 ویں منٹ میں ایرانی کھلاڑیوں کے دو مسلسل حملےجن پر یقینی گول تھے، گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگئے ۔ 85 ویں منٹ میں ویلز کے گول کیپر کو ریڈ کارڈ دکھا کر باہر کردیا گیا اور متبادل گول کیپر ذمہ داری سنبھالی۔ گول کیپر کی تبدیلی کا ایران نے بھرپور فائدہ اٹھایااور ایران کے چیشمی نے 98 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جسے رضائیان نے 101 ویں منٹ میں دگنا کردیا۔ ایران نےٹورنامنٹ میں اب تک دو میچز کھیلے ہیں جن میں سے ایک میں اسےانگلینڈ کے ہاتھوں 6-2 کی بڑی شکست کا سامنا رہا۔ ایران3 پوائنٹس کے ساتھ گروپ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ پہلے نمبر پر ہے۔ ہر گروپ سے دو ٹیمیں اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ عالمی رینکنگ میں ایران 20 ویں جبکہ ویلز 19 ویں نمبر پر ہے۔ دریں اثنا ورلڈ کپ فٹ بال میں ہالینڈ اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جانے والا گروپ اے کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اس طرح دونوں ٹیموں نے دو میچز کھیل کر ایک ایک جیتا اور ایک ایک برابر کرکے چار چار پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں۔ میچ کے دوران فاؤل پلے پر ایکواڈور کے کھلاڑیوں کو یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے دوران ہالینڈ کو دو اور ایکواڈور کو چارکانر ملے۔ قطر کے خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں گروپ اے میں کھیلے جانے والے میچ میں ہالینڈ نے ابتدائی چھ منٹ میں گیکپو کے خوبصورت گول کی بدولت میچ میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی جو کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام تک قائم رہی۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں ایکواڈور کے کھلاڑیوں میچ میں واپس آنے اور میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی اور دوسرے ہاف کے چوتھے منٹ میں اینر ولنشیا نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ کھیل ا ختتام اسی اسکور پر ہوا۔

اسپورٹس سے مزید