کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کچلاک میں غیر آئینی مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے والوں کو ان کے عہدوں اور پارٹی سے فارغ کر دیاہے ، پارٹی کی مرکزی کمیٹی پہلے سے تحلیل تھی تو اجلاس کیسے ہوسکتاہے، خیبر پختونخوا میں پارٹی کی نئی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے ، کوئی فیصلہ اکیلئے نہیں بلکہ مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کی مشاورت سے کیا ہے،ملک کی معاشی اور اقتصادی صورتحال بہتر بنانے کے لئے گول میز کانفرنس بلائی جائے،حالات کی سنگینی و بحرانوں سے ملک اور قوم کو نکالنے کے لئے صحیح سمت کا تعین کرکے آگے بڑھا جائےجو پرامن پاکستان اور افغانستان کے لئے انتہائی ناگزیر ہے ،2 دسمبر کو کوئٹہ میں خان شہید عبدالصمد خان کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ میں پارٹی پالیسی ، افغانستان اور پاکستان کی صورتحال واضح کروں گا ، سیاست عوام کی مرضی سے کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ، عبدالرحیم زیارتوال ، عبدالرؤف لالا ، عبدالقہار خان ودان ، عبدالمجید اچکزئی ، سردار شفیق ترین ، سید لیاقت آغا ، حاجی فضل قادر شیرانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔