• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل ساحر شمشاد مرزا آج چیئرمین جے سی ایس سی کی کمان سنبھالیں گے

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان آرمی کے نئے فور سٹار جرنیل جنرل ساحر شمشاد مرزا آج چکلالہ گریژن میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کے چیئرمین کی کمان سنبھالیں گے۔ اس پروقار تقریب کیلئے مسلح افواج کی تینوں شاخوں کے سربراہان بھی امکانی طور پر موجود ہونگے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدر نے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو بطور فور سٹار جنرل ترقی دیکر انہیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی 24نومبر کو مقرر کیا۔ اسی دن وزارت دفاع نے اُن کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اُنکے پیشرو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا 26نومبر کو عہدے کی معیاد مکمل ہونے پر یہ عہدہ ایک پروقار الوداعی تقریب میں چھوڑ چکے۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا 27نومبر 2022ء کو ٹین کور (پنڈی کور ) کے کور کمانڈر کا چارج چھوڑنے کے بعد آج 18ویں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی کمان سنبھالیں گے۔ جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر پاکستان آرمی‘ نیوی اور ائرفورس کے چاق و چوبند دستے اُنہیں گارڈ آف آنرز پیش کرینگے جس کے بعد جنرل ساحر شمشاد مرزا پریڈ سے سلامی لیںگے۔ اس طرح تبدیلی کمان کی تقریب جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز میں عسکری وقار کے ساتھ منعقد ہو گی جس میں سروسز چیفس کی شمولیت کا امکان ہے۔ اسکے علاوہ تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان‘ اُنکی بیگمات‘ جوائنٹ سٹاف ہیڈکواٹرز کے سینئر عہدیدار شرکت کرینگے۔ یہ حسن اتفاق ہے کہ 27نومبر 2022ء کو ایک فور سٹار جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی کمان سنبھال رہے ہیں اور 29نومبر کو دوسرے نئے فور سٹار جنرل سید عاصم منیر پاکستان آرمی کی کمانڈ ایک پروقار تقریب میں سنبھالیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2022ء میں وزیراعظم شہباز شریف نے جن دو لیفٹیننٹ جنرل صاحبان کو فور سٹار جنرل سنیارٹی اور میرٹ پر بنایا وہ دونوں اپنے اپنے اساتذہ کے احترام کیلئے مشہور ہیں۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اسلام آباد کے ماڈل کالج فار بوائز جو سیکٹر ایف ایٹ فور میں واقع ہے وہاں سے انٹرمیڈیٹ کیا ‘ وہ اپنے اساتذہ کا احترام آج بھی اُسی طرح کرتے ہیں جس طرح کوئی اچھے حسب نسب کا حامل انسان اپنے والد کا کرتا ہے۔ آج چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا جلیلتہ القدر عہدہ سنبھالنے والے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چند روز قبل اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ فور میں واقع اپنے گورنمنٹ ماڈل کالج کے پروفیسر صاحبان‘ لیکچرار صاحبان سے بڑے اپنائیت کے جذبے کے ساتھ گفتگو کی جو آنیوالی نسلوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے اساتذہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے جس عظیم مقام پر پہنچایا ہے یہ میرے تمام اساتذہ کی محنت کا ثمر ہے جس پر میں اُن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اساتذہ کی اہمیت اور کنٹری بیوشن کو میں ایک لفظ میں خراج تحسین پیش کر سکتا ہوں وہ یہ کہ محترم اساتذہ کرام میں آپ سب کی شبانہ روز محنت کا ایک ثمر ہوں۔ آپ کی اہمیت اور آپ کی جو کنٹری بیوشن ہے اس پر میں تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ سکندر اعظم کے مقولے کا حوالہ دیا کہ جس طرح سکندر اعظم نے ’’ا لیگزینڈر دی گریٹ ‘‘ سے کہا تھا کہ میرے باپ نے مجھے آسمان سے زمین پر بھیجا لیکن اساتذہ کرام نے مجھ جیسے انسان کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ ہر گزرتے ہوئے دن میں اپنے اساتذہ کو یاد رکھتا ہوں۔ انہوں نے ایک پروفیسر صاحب کی تدریسی قابلیت کو خراج تحسین ان الفاظ میں پیش کیا کہ جب ہم بچے تھے تو آپ کہا کرتے تھے کہ املاء کا خیال رکھیں‘ خوشخطی کا خیال رکھیں‘ یہ چیزیں میں اپنے دونوں بچوں کو دکھاتا ہوں۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ میں نے اپنے دونوں بیٹوں کی تعلیم آرمی پبلک سکول میں مکمل کرائی۔ انہوں نے اساتذہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ ہم سب کیلئے مینارہ نور ہیں۔ اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز سیکٹر ایف ایٹ فور کے فارغ التحصیل کم و بیش آٹھ سرونگ میجر جنرل‘ لیفٹیننٹ جنرل ہیں اور اتنے ہی اس کالج کے ہونہار طلباء لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر پہنچ کر ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید