• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے لانگ مارچ کا ڈراپ سین ہوچکا، احسن اقبال

کراچی(ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ ن کے رہنما احسن قبال نے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنا چاہتے ہیں تو ضرور شوق پورا کریں لیکن ہماری اطلاعات کے مطابق ان کی پارلیمانی پارٹی اس پر متفق نہیں ہے۔ عمران خان منفی سیاست چھوڑیں اور اسمبلی میں آئیں، تحریک انصاف جانتی ہے حالیہ سیلابوں کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان میں جو تباہی ہوئی وہاں کم از کم چھ سے آٹھ مہینے تعمیر نو کا کام جاری رہے گا لہذا وہاں ممکن نہیں کہ الیکشن کرادیا جائے، مارچ اور اپریل تک نئی مردم شماری کے نتائج آئیں گے سندھ کا دو ٹوک موقف ہے کہ اگلا الیکشن نئی مردم شمار کے حلقہ بندیوں کے نتیجے پر ہونا چاہئے۔ وہ جیو نیوز پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے، پروگرام میں صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی اور محمد مالک نے بھی گفتگو کی۔ میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کا مقصد الیکشن کی تاریخ لینا ہے جبکہ حکومت اسی نئی تعیناتی سے جوڑ رہی تھی کل لانگ مارچ کا بھی ڈراپ سین ہوگیا اور عمران خان نے سب کو سرپرائز دیتے ہوئے کہا کہ ہم تمام اسمبلیوں سے باہر آنا چاہتے ہیں اور حکومت نے اس پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس چیلنج پر کسی صورت اسمبلیاں توڑیں گے نہ الیکشن کی بات کریں گے اور نہ ہی دباؤ میں آئیں گے۔ جبکہ پرویز الٰہی نے کہا کہ جب عمران خان کہیں گے ہم حکومت توڑ دیں گے۔ فواد چوہدری نے کل کہا ہے کہ اسی ہفتے مشاورت ہوگی اور اعلان کردیا جائے گا کہ اسمبلیاں کب تحلیل کرنے جارہے ہیں۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ اگر یہ مستعفی ہونے کی بات کر رہے ہیں تو انہیں کس نے روکا ہے چوبیس گھنٹے میں استعفیٰ دے سکتے ہیں ایک ہفتے کی مشاورت کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید