شنگھائی (اے ایف پی، جنگ نیوز) چین میں کورونا وائر س کے بڑھتے ہوئے کیسز کو روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر لاک ڈاؤن اور نئی پابندیوں کیخلاف سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے ، چین میں اتوار کے روز بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ، 39ہزار 605نئے کیسز سامنے آگئے ، تاہم لاک ڈاؤن اور نئی پابندیوں کے خلاف دارالحکومت بیجنگ اور شنگھائی سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئےگئے ، بیجنگ میں سیکڑوں طلبہ نے مظاہرہ کیا اور آزادی اظہار کے حق میں نعرے بازی کی،بیجنگ کی مشہور چینہوا یونیورسٹی کے طلبہ نے اتوار کو ہونے والے مظاہرے میں حصہ لیا جبکہ دارالحکومت میں واقع ایک اور پیکنگ یونیورسٹی کے طلبہ کا احتجاج ہفتے کی رات سے ہی جاری تھا۔چینہوا یونیورسٹی کے ایک طالب علم نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’صبح ساڑھے گیارہ بجے طلبہ یونیورسٹی کی کینٹین کے سامنے بینر لے کر کھڑے ہوئے تھے کہ زیادہ سے زیادہ طلبہ ان کے ساتھ مل گئے۔ اور اب دو سے تین سو طلبہ مظاہرے میں شامل ہیں۔