• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاندار فتح پر مراکش جھوم اٹھا، بیلجیئم میں شائقین ناراض، ہنگامے ہوگئے

رباط ( جنگ نیوز) عالمی نمبر دو بیلجیم کی فٹبال ٹیم کے خلاف ورلڈ کپ فٹبال ٹور نامنٹ میں اتوار کو فتح کے بعد مراکش فٹبال ٹیم کے حامیوں نے ملک کے مختلف شہروں اور دنیا کے مختلف ممالک میں بھر پور جشن منایا، ٹیم کی جیت کے بعد مراکش کی گلیوں میں اور دنیا بھر میں مراکشی برادریوں کے جشن کے مناظر دنیا بھر کے میڈیا کی زینت بن گئے۔ میچ کی آخری سیٹی بجنے کے بعد مراکش کی گلیوں میں چیئرز، کاروں کے ہارن اور نعرے کی آواز گھنٹوں گونجتی رہی یہ آواز مراکش کی 24 سالوں میں ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی کی جیت کا احساس دلارہی تھی، میچ جیتتے کے بعد خاندان کے خاندان اور نوجوانوں کے گروپ بے ساختہ سڑکوں پر نکل آئے۔ مراکش کے تمام شہروں میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، فوٹیج نے مراکش کی محبوب قومی ٹیم کی تاریخی جیت کے بعد سوشل میڈیا پر دھوم مچادی دی۔ شمال میں تانگیر سے لے کر جنوب میں دخلا تک، مراکش کے جھنڈے لہرانے، اپنی قومی ٹیم کا جشن منانے والے خوش گوار لوگوں سے بھری سڑکوں نے ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ کھیل ملک کی آبادی میں محبت کو بڑھانے میں بہت بڑا کردار ادا کرتا ہے۔ جیت کے بعد یورپی محلوں میں بھی بڑے پیمانے پر جشن منایا گیا۔ دوسری جانب مراکش کی جیت پر بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں بھی مراکشی باشندوں نے دل کھول کر جشن منایا، تاہم بلجیئم کی ہارمقامی لوگوں کو ہضم نہ ہوئیں اور شہر میں جھڑپیں ہوئیں، غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق میچ ختم ہونے سے قبل ہی لوگوں نے دکانوں پر حملے شروع کردیے، کئی دکانوں کے شیشے توڑ دیے، پولیس کے ساتھ ہی آنکھ مچولی ہوتی رہی، کئی موٹر سائکلیں اور کاریں نذر آتش کردی گئیں۔ میٹرو اسٹیشن بند کردیا گیا، پولیس نے آنسو گیس کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کیا۔

اسپورٹس سے مزید