کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کرکٹ سیریز سے قبل دل جیت لیے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کرکٹ کےکھیل نے مجھے زندگی میں بہت کچھ دیا ہے، لیکن اب میں اس کرکٹ سے ہی کچھ واپس کرنا چاہتا ہوں، اپنی ٹیسٹ سیریز کی میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام عطیہ کرتا ہوں۔ پیر کو پنڈی میں پریکٹس سیشن کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان آنا خوش آئند ہے۔17سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہونے پر بہت پرجوش ہوں۔ اس سال کے شروع میں پاکستان کو تباہ کرنے والے سیلاب کو دیکھ کر بہت دکھ ہوا اور سیلاب کے ملک اور عوام پر خاصے اثرات مرتب ہوئے۔ امید ہے کہ یہ عطیہ پاکستان کے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کی تعمیر نو میں مدد کرے گا۔ انہوں نے ٹوئٹ کے کیپشن میں امداد کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کے جھنڈا اور دل کے اسٹیکر بھی شئیر کیے ہیں۔