• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میسی کے جشن منانے پر میکسیکن چیمپئن باکسر سخت برہم، سنگین نتائج کی دھمکی

دوحا (جنگ نیوز)میکسیکو کے خلاف ورلڈکپ فٹبال میں فتح ارجنٹینا کی فتح کے جشن نے میسی کو مشکل میں ڈال دیا۔ میکسیکن چیمپئن باکسر ساؤل کنیلو الوریز نے انہیں سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔ دراصل ہفتے کی شب کامیابی کے بعد میسی اور دیگر کھلاڑی ٹیم ڈریسنگ روم میں خوشی سے سرشار بیٹھے تھے۔ میکسیکو کا پرچم اور ٹیم جرسی فرش پر تھی۔ بے دھیانی میں میسی کا پیر پرچم پر چلاگیا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایسا کچھ ظاہر نہیں ہوتا کہ انہوں نے جان بوجھ کر ایسا کیا تھا لیکن یہ بات الوریز کو بالکل اچھی نہیں لگی، انہوں نے ٹویٹر پر دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے کہا کہ میسی نے میکسیکو کی بے عزتی کی ہے۔میں ارجنٹینا کی عزت کرتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ میرے وطن کی بھی اسی طرح عزت کی جائے، میں ملک کے خلاف نہیں، صرف میسی کی بات کررہا ہوں۔ اس کے جواب میں فٹبال اسٹار کے پرستار بھی میدان میں آگئے اور انہوں نے جواب دیا کہ اس میں کوئی غیرمعمولی بات نہیں، نہ ہی میسی فرش کی صفائی کررہے تھے، میچ کے بعد ایسا ہونا عام بات ہے۔ پلیئرز میچ کے بعد جرسیاں زمین پر ڈال دیتے ہیں کیونکہ وہ پیسنے سے تر ہوتی ہیں۔ خیال کیا جارہا ہے کہ جرسی اور پرچم کا تبادلہ انہوں نے اپنے میکسیکن ہم منصب سے کیا ہوگا جیسا کی عمومی طور پر کیا جاتا ہے۔ سابق ارجنٹائن اسٹارسرجیو اگیرو نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر کنیلو بات کا رخ کسی اور جانب نہ موڑیں، اس قسم کا تبصرہ کرنے سے پہلے بہتر ہوتا آپ فٹبال سے متعلق بنیادی معلومات حاصل کرلیتے۔

یورپ سے سے مزید