کراچی (جنگ نیوز) پاکستان کے سابق لیگ اسپنر دانش کنیریا بھارت کی زبان بولنے لگے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت میں50 اوور کے ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرنے کی ہمت نہیں۔ اپنے یوٹیوب چینل پر انہوں نے کہا کہ بھارت بہت بڑی مارکیٹ ہے، پاکستان کے نہ آنے سے اسے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ بھارت کو اس انکار کی پرواہ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بالآخر ورلڈ کپ کے لیے بھارت جائے گا، حکام کہیں گے کہ ان کے پاس کوئی آپشن نہیں تھا کیونکہ آئی سی سی کا دباؤ تھا ۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ابھی کافی وقت ہے، ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہوگا یا نہیں۔ ہو سکتا ہے بنگلہ دیش اور افغانستان جیسی ٹیمیں بھی پاکستان جانے سے انکار کر دیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پی سی بی چیف رمیز راجہ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری اور اے سی سی کے صدر جے شاہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگربھارت ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہیں آتا ہے تو پاکستان بھی ورلڈ کپ 2023 کھیلنے نہیں جائے گا۔