• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، اعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے سے متعلق درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو وزارت داخلہ سے ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عدالت کو بتایا جائے سیکرٹری داخلہ کا صوبائی آئی جیز پر کنٹرول کیسے ہوتا ہے؟ منگل کو سماعت کے موقع پر سینیٹر اعظم سواتی کے وکیل بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ سینیٹر اعظم سواتی پر ایک ہی واقعہ کے پچاس مقدمات درج ہو چکے ہیں ، ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل منگوا لی جائیں ، تفصیلات سامنے آنے تک اعظم سواتی کی اسلام آباد سے دوسری جگہ منتقلی روکی جائے اور اس بارے سیکرٹری داخلہ کو احکامات جاری کئے جائیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ زیادہ تر مقدمات سندھ اور بلوچستان میں درج کئے گئے ہیں۔ اعظم سواتی اسلام آباد میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں،صوبائی آئی جیز پر سیکرٹری داخلہ کا کنٹرول ہوتا ہے، عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سیکرٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم دیتے ہوئے استفسار کیا کہ سیکرٹری داخلہ کا کنٹرول کیسے صوبائی آئی جیز پر ہوتا ہے؟ چیک کر کے بتائیں ، کیا سیکرٹری داخلہ کا کنٹرول اس طرح ہے جس طرح بتایا جا رہا ہے؟ بعد ازاں عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔

ملک بھر سے سے مزید