• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI رہنماؤں کے باجوہ پر حملے، نئے آرمی چیف سے محبت کا اظہار

اسلام آباد (عاصم جاوید) کمان کی تبدیلی کے بعد پی ٹی آئی رہنما کھل کر میدان میں آ گئے اور ریٹائر ہونیوالے آرمی چیف پر حملے اور نئے آرمی چیف سے محبت کی پینگیں بڑھانے کی کوششیں شروع کر دیں۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر سول ملٹری تعلقات کو آئین اور ہم آہنگی کے ساتھ دوبارہ ترتیب دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

 تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جنرل عاصم منیر کی اولین ترجیح قوم اور فوجی قیادت کے درمیان احترام و محبت کا رشتہ بحال کرنا ہے ، نہ یہ رشتہ یکطرفہ ہو سکتا ہے اور نہ ہی طاقت اور جبر سے حاصل ہو سکتا ہے.

 آٹھ ماہ کے فیصلوں نے اس رشتے کو بری طرح ٹھیس پہنچائی ہے ، ملک کا دفاع کرنے والے فوجی پر قوم آج بھی ناز کرتی ہے ،ڈاکٹر شیریں مزاری نے ٹویٹ کیا کہ جی ایچ کیو کی نئی انتظامیہ کو جنرل باجوہ کی روانگی کے بعد بڑے پیمانے پر ڈیمیج کنٹرول کیلئے کافی کام کرنا پڑے گا، اس ڈیمیج کنٹرول میں اغوا ، قتل کی سازش ، ایف آئی آرز روکنے ، حراستی تشدد ، ویڈیوز پر بلیک میل کرنے کے معاملات شامل ہیں،ہر تنقیدی ٹویٹ کو بغاوت پر اکسانے کے نظرئیے سے دیکھنے سے ملزمان کے تحفظ تک کے معاملات ، جبری گمشدگیوں کا فوری خاتمہ اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو ان کے پیاروں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کی ضرورت ہے.

 ریاست حالیہ طرز عمل کے ساتھ نہیں چل سکے گی، سول ملٹری تعلقات کو آئین اور ہم آہنگی کے ساتھ مکمل طور پر دوبارہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ فرخ حبیب نے انتہائی نامناسب الفاظ میں تبصرہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید