• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاورہائیکورٹ ،کئی من غیر ملکی سلاجیت قبضہ میں لینے کیخلاف اپیل خارج

پشاور(نمائندہ جنگ) پشاورہائیکورٹ نے ٹریلر کے ذریعہ منوں کے حساب سے غیر ملکی قیمتی سلاجیت سمگل کرنے اوراسے قبضہ میں لینے کیخلاف دائر اپیل خارج کردی اور کسٹم ٹریبونل کا فیصلہ برقراررکھا۔جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس ارشدعلی پر مشتمل بنچ نے درخواست گزار قاسم خان کی اپیل پر سماعت کی،اس موقع پر کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے وکیل عباس خان سنگین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار نے اپیل میں ڈائریکٹر جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن، ایف بی آروغیرہ کوفریق بنایاتھاجس میں موقف اپنایاگیا کہ کوہاٹ روڈ پر ان کی سلاجیت سے بھرےٹریلرکو قبضہ میں لیا گیا جس سے اسے بھاری نقصان ہوا اور یہ ان کی ملکیت ہے۔دوسری جانب کسٹم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کروڑوں روپے مالیت کی سلاجیت بیرون ملک سے غیرقانونی طور پرپشاورمیں داخل کی گئی جبکہ اس پر ڈیوٹی ٹیکس بھی نہیں دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ درخواست گزار نے اسکی ملکیت کا دعویٰ کیا تاہم نہ اس کے پاس ثبوت ہے نہ ہی وہ انٹیلی جنس اتھارٹی کے پاس گیا ہے تاکہ ملکیت ثابت کرسکے۔ سمگل شدہ سامان لانے اورٹیکسز ادا نہ کرنے پر قومی خزانہ کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے جس کی روک تھام ضروری ہے۔ دورکنی بنچ نے درخواست گزار کی اپیل خارج کرتے ہوئے انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن اور ایف بی آرکے حق میں فیصلہ برقرار رکھا۔
پشاور سے مزید