لاہور(خصوصی رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی شعبہ فلاسفی کے زیر اہتمام’قرآن کی تفسیر کے لئے قرآنی اصول اور اسلامی دینیات کے بنیادی اصولوں کا تنقیدی جائزہ‘ کے موضوع پر اقبال میموریل لیکچر ہوا۔ پروفیسر ڈاکٹر عبد الحفیظ فاضلی نے کہا کہ عقلیت کا قرآنی تصور قرآن میں بیان کیے گئے قرآنی اصولوں پر مبنی ہے جو سوال، خیال، موضوع، مشاہدہ، تشریح ان اصولوں سے ہم آہنگ ہے وہ عقلی ہے اور جو ان سے مطابقت نہیں رکھتا وہ غیر معقول ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان اس فکری بحران، تہذیبی زوال اور فرقہ واریت کی دلدل سے نکلنا چاہتے ہیں اور تہذیبوں کے افق پر دوبارہ سر اٹھانا چاہتے ہیں تو انہیں اپنے خیالات کو قرآنی اصطلاحات، قرآنی منطقوں پر استوار کرنا ہوں گے۔پروفیسر ڈاکٹر ابصار احمد نے کہا کہ فلسفہ ہمیں بہت کچھ سکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھنے کی عادت کواپنانا ہوگی۔ انچارج شعبہ فلاسفی ڈاکٹر محمد جواد نے کہا کہ قرآن ایک حقیقت ہے جس کی رہنمائی کے بغیر زندگی میں کامیابی ناممکن ہے۔