لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور متحرک ہے اور شہر بھر میں پرائس کنٹرول مہم پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ ڈی سی لاہور کی خصوصی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے فیلڈ میں بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4,859 مقامات پر انسپکشنز کیں، جس کے دوران نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والے 92 افراد کے خلاف فوری ایکشن لیا گیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں گراں فروشوں پر 151,000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 18 افراد کو گرفتار کر کے 17 دکانیں موقع پر سیل کر دی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے جاری کردہ گزشتہ 10 روز کی تقابلی جائزہ رپورٹ کے مطابق انتظامی مداخلت کے باعث مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔