• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام محکمے ذمہ داریاں احسن طور پر سرانجام دیں، کمشنر ڈیرہ

پشاور(جنگ نیوز) کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفا ق کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرفارمنس ، انسداد منشیات اور محکمہ مال کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس ہواجس میں ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی خان ریجن محمد سلیم مروت ،ڈپٹی کمشنر نصراﷲ خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، پاک آرمی، محکمہ پولیس، ایکسائز، اے این ایف، سوشل ویلفیئر و دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر کو ڈسٹرکٹ پرفارمنس ، محکمہ مال اور انسداد منشیات کے سلسلے میں اقدامات اور کاروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر کہا گیا کہ مشکوک افراد ، گاڑیوں اور دیگر وہیکلز کی چیکنگ کے سلسلے میں ہولڈ اپ مہم جاری ہے ۔ اسی طرح ریوینیو کے حوالے سے سرکاری واجبات کی ریکوری، ریونیو کورٹ کیسز ، جمعبندی، میوٹیشنز، سیٹلمنٹ، ای -سٹیمپنگ اور لینڈ ایکویزیشن کیسز کے حوالے سے بھی تمام کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں جبکہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے تدارک اور رودکوہی چینلز کے حوالے سے بھی تمام وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر عامر آفاق نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر سرانجام دیں تاکہ نہ صرف لوگوں کو سہولیات کی فراہمی بلکہ ان کو درپیش تکالیف کا ازالہ بھی یقینی بنایا جا سکے۔ منشیات ایک لعنت ہے جو کہ انسان بالخصوص نوجوان نسل کو جسمانی اور دماغی طور پر تبا ہ کر دیتی ہے لہٰذا اس حوالے سے کوئی بھی سمجھوتہ قبول نہیں اور ایسے قبیح فعل میں ملوث عناصر کے خلاف نہ صرف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے بلکہ رواں انسداد منشیات مہم میں مزید تیزی بھی لائی جائے۔اسی طرح ڈویژن بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے بھی خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کمشنر ڈیرہ نے ہدایت کی کہ محکمہ مال کی کارکردگی ، ای -سٹیمپنگ اور لینڈ کمپیوٹرائزیشن کے عمل میں بھی تیزی لائی جائے تاکہ لوگوں کا قیمتی وقت بچایا جا سکے اور جو ریکارڈ پہلے دنوں اور گھنٹوں میں فراہم کیا جاتا تھا وہ اب لینڈ کمپیوٹرائزیشن کی تکمیل سے کافی قلیل وقت میں فراہم کیا جا سکے گا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ اس وجہ سے عام لوگوں کو کافی دشواریوں اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔تمام محکمے باہمی تعاون کا مظاہرہ کریں تاکہ بہتر نتائج اور اہداف کے حصول کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
پشاور سے مزید