• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف LOC پر، بھارت کو انتباہ، جنگ مسلط کی تو نہ صرف مادر وطن کا دفاع بلکہ لڑائی دشمن کے علاقے میں لے جائیں گے، جنرل عاصم

اسلام آباد (اے پی پی، جنگ نیوز) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیدعاصم منیرنے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ اگرجنگ مسلط کی گئی توپاکستان کی مسلح افواج نہ صرف مادروطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گی بلکہ لڑائی دشمن کے علاقے میں لے جائیں گے ، بھارتی ریاست کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتی، جرات مند قوم کی حمایت سے پاک فوج کسی بھی مہم جوئی کا مکمل قوت سے جواب دیگی، ہم نے حال ہی میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیرکے بارے میں بھارتی قیادت کے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات کانوٹس لیاہے، دنیا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں پر انصاف فراہم کرے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات ہفتہ کولائن آف کنٹرول کے راکھ چکری سیکٹرمیں اگلے محاذوں کے دورہ کے دوران افسروں اورجوانوں سے گفتگومیں کہی۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیدعاصم منیرنے کنٹرول لائن کے رکھ چکری سیکٹرمیں اگلے محاذوں کا دورہ کیا۔آرمی چیف کوکنٹرول لائن کی تازہ ترین صورتحال اورفارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے افسروں اورجوانوں سے ملاقات کی او رمشکل حالات میں انکے بلندحوصلہ، پیشہ وارانہ مہارت اورجنگی تیاریوں کی تعریف کی۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ ہم نے حال ہی میں گلگت بلتستان اور آزادجموں وکشمیرکے بارے میں بھارتی قیادت کے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات کانوٹس لیاہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ وہ واضح طوربتانا چاہتے ہیں کہ اگرہم پرجنگ مسلط کی گئی توپاکستان کی مسلح افواج نہ صرف مادروطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کیلئے پوری طرح سے تیارہوں گی بلکہ دشمن کو بھرپورجواب بھی دیں گی ۔آرمی چیف نے کہاکہ کسی غلط فہمی کی بنیادپرمہم جوئی کا پراستقلال قوم کی حمایت سے ہماری مسلح افواج پوری قوت سے جواب دیں گی ۔ آرمی چیف نے کہاکہ بھارتی ریاست کواپنے مذموم عزائم میں کبھی بھی کامیابی نہیں مل سکتی۔انہوں نے کہاکہ دنیا انصاف کویقینی بنائے اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں سے کئے گیے وعدوں پرعمل کرے۔ قبل ازیں رکھ چکری سیکٹر آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز نے آرمی چیف کااستقبال کیا۔

اہم خبریں سے مزید