• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی سودے بازی قبول نہیں، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپوٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے متنبہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی کراچی پر سودے بازی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا،پیپلزپارٹی اگر خو د کو جمہوریت پسند کہتی ہے تو اہل کراچی کو ان کی خواہش کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں اپنی مرضی کی پارٹی کے امیدواروں اور میئرکو منتخب کرنے دے، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے مذاکرات میں اہل کراچی کے حقوق،بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور بلدیاتی انتخابات کہاں ہیں؟ ایک سیاسی وغیر قانونی ایڈمنسٹریٹر کی جگہ دوسرا سیاسی اور غیر قانونی ایڈمنسٹریٹر تسلیم نہیں کیا جائے گا،ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی دونوں مل کر ایک بار پھر سے کراچی کو تباہ و برباد کرنا چاہتی ہیں، الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کو صاف و شفاف بنانے کے لیے ہر پولنگ اسٹیشن پرفوج اور رینجرز کے اہلکار تعینات کرے،سندھ حکومت اور پولیس پر کسی صورت بھروسہ نہیں کیا جاسکتا،اسلامیہ کالج اور ڈی جے کالجز پر قبضے کی کوششیں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں شعبہ تعلیم کی زبوں حالی، قدیم و تاریخی تعلیمی اداروں پر قبضے کی کوششوں،سندھ حکومت کی نا اہلی و بے حسی اور عوام کودرپیش دیگرمسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرنائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،جنرل سیکریٹری کراچی منعم ظفرخان،نائب امراء کراچی راجہ عارف سلطان، انجینئر سلیم اظہر، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہب ودیگر بھی موجود تھے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید