• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئی ناردرن حکام کی بے حسی، شہر کے متعدد علاقوں میں گیس بحران جاری

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) سوئی ناردرن حکام کی بے حسی کے باعث شہر کے اکثر علاقوں میں قدرتی گیس کے بحران پر قابو نہیں پایا جاسکاجس پر صارفین نے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ متعلقہ حکام صورتحال کی بہتری کیلئے عملاً کچھ نہیں کر رہے۔ اس شدید سردی میں گیس جیسی بنیادی ضرورت نہ ملنے سے صارفین کو ایک طرف کھانا بنانےمیں دشواری کا سامنا ہے تو دوسری طرف بچے اور بزرگ بیمار پڑنے لگے ہیں۔ میڈیا ٹائون، صادق آباد مسلم ٹائون، جھنڈا چیچی ، چمن زار، جہانگیر روڈ اور اڈیالہ روڈ کی اکثر آبادیوں گلشن آباد، کہکشاں کالونی، علی ٹائون، منور کالونی، جنجوعہ ٹائون، لالہ زار، ڈھوک جمعہ، بکرا منڈی اور اشرف کالونی سمیت شہر کے متعدد علاقوں کے صارفین کا کہنا ہے کہ آسمان سے باتیں کرتے ایل پی جی سلنڈرز خریدنا محدود آمدن والوں کیلئے ممکن نہیں۔ قرب و جوار کی متعدد آبادیوں میں گیس فراہمی کی صورتحال بہتر ہونے کے باوجود میڈیا ٹائون جہاں گزشتہ کئی دنوں سے رات کے وقت یہ سہولت دستیاب نہ تھی میں اب دن کو بھی بیشتر اوقات پریشر زیرو کر دیا گیا ہے ،اسی طرح چکلالہ کینٹ، مبارک لین، ڈھوک کلہور، کھٹانہ، تلسہ گائوں اور ملحقہ علاقوں کے مکین بھی گیس نہ ملنے پر شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ آبادیوں کو دانستہ نظر انداز کیا جارہا ہے جس کا وفاقی وزیر اور ایم ڈی ایس این جی پی ایل سمیت دیگر کو نوٹس لینا چاہے۔
اسلام آباد سے مزید