کراچی (ٹی وی رپورٹ)رہنما پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کا بیانیہ پی ٹی آئی مخالف ہے، ساری سیاست کے اندر یہ دیکھا ہے کہ چوہدری صاحبان کی سیاست جو ہے وہ اسٹیبلشمنٹ کی رہین منت ہے وہ ان کو بتا کر ان سے پوچھ کر سیاسی اقدامات کرتے ہیں۔ جس طرح انہوں نے کھل کر بتایا ہے کہ ان کو اس طرف راغب کس نے کیا تھا۔ آئندہ بھی وہ فیصلہ کریں گے جو اسٹیبلشمنٹ ان کو کہے گی،میں سمجھتا ہوں کہ تحریک انصاف کا فیصلہ اٹل ہے ۔پوری دنیا نے اور پاکستان کی غالب اکثریت نے عمران خان کے بیانئے کو قبول کیا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔اعجاز چوہدری نے کہا کہ بہت سارے کام پاکستان میں سیاستدان نظریہ ضرورت کے تحت کرتے ہیں ۔ وہ ضرورت طرفین کی بھی ہوسکتی ہے اور صرف اس طرف کی بھی ہوسکتی ہے۔