پشاور ( وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاورمیں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی سات روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان،انتظامی افسران، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد ادریس،این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر نیئر جمال،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر نوید خورشید،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر سیف اللہ، کمیونیکیشن آفیسر فیصل خان سمیت انتظامی افسران،محکمہ صحت، پولیس اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے بارے میں تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ڈپٹی کمشنرپشاورکے مطابق 05 دسمبر سے 11 دسمبر 2022 تک جاری انسداد پولیو مہم کے دوران پشاور بھر میں 866603بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ جس کے لیے 2496ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ان ٹیموں کی سیکیورٹی کا بھی خاطر خواہ بندوبست کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرپشاورشفیع اللہ خان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اورانسدا دپولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ پشاور سے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کر نا ہو گا اور ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔