• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی اخبار کی شہباز سے معافی، اخبار نے غلطی تسلیم کرلی، شہباز شریف اور ان کے داماد علی عمران نے کوئی غلط کام نہیں کیا، معذرت خواہ ہیں، ڈیلی میل

کراچی / اسلام آباد (نیوز ڈیسک/ نیوز ایجنسیز) برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ نے اپنی خبر میں وزیر اعظم شہباز شریف پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ان سے معافی مانگ ملی۔

اخبار نے 14جولائی 2019ء کو شائع آرٹیکل ہٹا کر معافی نامہ شائع کردیا اور لکھا کہ مانتے ہیں نیب نے کبھی شہباز شریف پر سیلاب زدگان کے فنڈز میں غلط کام کا الزام نہیں لگایا، شہباز شریف اور انکے داماد علی عمران نے کوئی غلط کام نہیں کیا، معذرت خواہ ہیں۔


ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران کا جھوٹ بے نقاب ہوا، ڈس انفارمیشن اور فیک نیو ز کی زندگی چھوٹی، سچائی حتمی فاتح ہے،این سی اے کے بعد ڈیلی میل کی خبر سے یہ ثابت ہوگیا، 3سال تک عمران اور ان کے ساتھیوں نے میری کردار کشی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی، میرا اور میرے خاندان کا مذاق اُڑایا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ معافی عمران خان اور شہزاد اکبر کو مانگنی چاہئے ۔

ن لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا کہ اب اس جھوٹ کو پھیلانے والا فتنہ کب معافی مانگے گا۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ نے اپنی خبر میں وزیر اعظم شہباز شریف پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ان سے معافی مانگ ملی۔

ڈیلی میل نے وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ14 جولائی 2019 کی خبر میں شہباز شریف پر 2005 کے زلزلہ متاثرین کی امداد چوری کرنے کا الزام لگایا گیا تھا تاہم وضاحت کرتے ہیں کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف پر برطانوی شہریوں کا پیسہ یا ڈی ایف آئی ڈی گرانٹ میں خردبرد کا الزام کبھی نہیں لگایا، غلطی پر شہباز شریف سے معافی مانگتے ہیں۔

برطانوی اخبار نے کہا کہ ’ہم اس غلطی پر وضاحت اور معذرت کرتے ہوئے خوش ہیں‘۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیلی میل کی معذرت کے بعد ردعمل میں کہا کہ میں اپنی اس بریت پر اللہ کے آگے اپنا سر بڑی عاجزی کے ساتھ جھکاتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ’طویل 3سال تک عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے میری کردار کشی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی، ان کی بدترین مہم میں وہ بالکل نہیں ہچکچائے کہ اس سے پاکستان کی بدنامی ہوگی اور دوست ممالک سے تعلقات کو نقصان پہنچے گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے اپنے بے بنیاد الزامات کے ذریعے مجھے اور میرے خاندان کا تمسخر اڑایا لیکن مجھے اللہ غیرمتزلزل یقین تھا کہ صرف وہی ان کے بدترین جھوٹ کو بے نقاب کرسکتا ہے‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’ڈس انفارمیشن اور جعلی خبروں کی بہت مختصر زندگی ہوتی ہے اور سچ کی پائیدار فتح ہوتی ہے، این سی اے کے بعد ڈیلی میل کی خبر سے یہ ثابت ہوچکا ہے‘۔

سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے برطانوی اخبار کی جانب سے شہباز شریف سے معافی مانگنے پر ردعمل میں کہا ہے کہ ڈیلی میل کی معذرت مخالفین کے منہ پر طمانچہ ہے اور ڈیلی میل کی معافی سے صرف شہباز شریف نہیں بلکہ پاکستان کے 22؍ کروڑ عوام سرخرو ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر نے شریف خاندان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، عمران خان نے 2018ءمیں اقتدار میں آنے کے بعد سیاسی عدم استحکام پیدا کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نیب کا ریفرنس ڈیلی میل والوں کے حوالے کیا تھا، عمران خان نے ڈیوڈ روز کو بلا کر اپنے پہلو میں بٹھا کر شہباز شریف کے خلاف سازش کی اور اس سے ٹاک شوز کروائے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ کہتے تھے شہباز شریف زلزلہ زدگان کے پیسے کھا گئے، انہوں نے اس شخص پر الزامات لگائے جس نے 10 سال اپنے خون پسینے سے پنجاب کو ترقی دی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر نے لوگوں کی پگڑیاں اچھالیں، ان پر الزامات لگائے، ڈیلی میل نے جو الزامات لگائے گئے اس پر یہ عدالت میں ثبوت پیش نہیں کر سکے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف پورا کیس ٹرائل سے گزرا، جس کے بعد ڈیلی میل نے شہباز شریف سے غیر مشروط معافی مانگی۔

ان کا کہنا تھا کہ معافی ڈیلی میل کو نہیں بلکہ عمران خان اور شہزاد اکبر کو مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے مسلم لیگ (ن) کے تمام قائدین کرپشن کے جھوٹے الزامات میں سرخرو ہو رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید