• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماحولیاتی خطرات، گرین بلڈنگ کوڈ مدنظر رکھنا ہوگا، شیری رحمان

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)اسلام آباد چیمبر آف کامرس ، وزارت ہاؤسنگ اور جنگ میڈیا گروپ کے اشتراک سے اسلا م آباد میں پہلی انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو شروع ہو گئی ہے، نمائش کی افتتاحی تقریب جناح کنونشن سینٹر میں جمعرات کو ہوئی، وفاقی وزیرماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن نے بطور مہمان خصوصی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر پائیدار اور ماحول دوست مکانات کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کے لیے سازگار پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔ حالیہ سیلاب پاکستان میں بڑی تباہی لایا ہے جس سے لاکھوں گھر تباہ ہوئے ہیں اور معیشت کو 1200ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے اوربحالی کےلیے 592ارب روپے درکارہیں ،۔ انہوں نے کہاکہ وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے ہاؤسنگ سیکٹر اور صوبوں کو گرین بلڈنگ کوڈ کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائن فراہم کی ہیں، ہم نے ماحولیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے صوبوں کی لچکدار تعمیری نظام پر توجہ مرکوز کروائی ہے، ہمیں تعمیر کرتے وقت ماحولیاتی خطرات اور گرین بلڈنگ کوڈ کو تعمیری منصوبے کا حصہ بنانا ہوگا، تمام گرین پالیسی اور آب و ہوا کے اقدامات تب ہی کامیاب ہونگے جب وہ مقامی آب و ہوا اور ضروریات کے مطابق ہوں،ہمیں کمزور اور متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کرنی چاہیے۔
اہم خبریں سے مزید