راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی ریجن کی جیلوں کے 20قیدیوں کو تعلیمی معافی دینے کی منظوری دے دی گئی ،ڈی آئی جی جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن سعید اللہ گوندل کی سربراہی میں جمعرات کو ان کے دفترمیں ریجنل کمیٹی برائے تعلیمی معافی اسیران کا اجلاس ہواجس میںسپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سمیت ریجن کی جیلوں کے سپریٹنڈنٹس، ڈپٹی سپریٹنڈنٹس اور اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹس نے شرکت کی۔اجلاس میں 21قیدیوں کے تعلیمی معافیوں کے کیسز زیر غور آئے،ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد 8 ناظرہ قرآن پاک، 5 تعلیم القرآن، 4میٹرک، ایک اللسان العربی، ایک ادیب اردو اور ایک ایم اے کرنے والے قیدیوں کی مختلف دورانیے کی معافیوں کی منظوری دی گئی،جبکہ ایک قیدی کا دوبارہ امتحان لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سعید اللہ گوندل نے کہاکہ جیل میں مقید قیدیوں کی تعلیمی استعداد کو بہتر بنانے کے لئے نظام میں موجود مشکلات کو کم کیا جائے۔