• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان میں کارروائی، 2000 کلو سے زائد جعلی گڑ برآمد

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے مردان کے علاقے جمور کلے میں کاروائی کرتے ہوئے ایک یونٹ سے بڑی مقدار میں جعلی گڑ برآمد کرلیا ہے۔ یونٹ میں چینی، کیمکلز، خراب گڑ اور مضر صحت رنگوں کی مدد اگ گڑ تیار کیا جارہا تھا۔ کاروائی کے دوران 2000 کلو سے زائد جعلی گڑ برآمد کیا گیا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران یونٹ پر چھاپے کے دوران جعلی گڑ برآمد کیا گیا۔ گڑ کی تیاری میں گنے کے بجائے چینی، خراب گڑ اور کیمکلز کا استعمال پکڑا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹ میں صفائی کی صورتحال بھی نہایت ناقص پائی گئی، گندے فرش پر گڑ کو رکھا جارہا تھا۔ جعلی گڑ تیار کرنے پر یونٹ کو سیل کردیا گیا، جبکہ بڑی مقدار میں چینی اور خراب گڑ بھی ضبط کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق جعلی گڑ کی تیاری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان نے غیر معیاری و مضر صحت گڑ تیار کرنے والے یونٹس کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صحت عامہ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔
پشاور سے مزید