کوئٹہ(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شوکت علی رخشانی پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے یکساں قانونی سوالات اور حقائق پر مبنی دوآئینی درخواستیں 1929/2022 اور1978/2022 نمٹاتے ہوئے خارج کردیں۔ مذکورہ درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ NUMSکے تحت پاکستان میڈیکل کمیشن میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (PMC MDCAT) کے منعقدہ امتحان غیرقانونی قرار دے کر منسوخ کیے جائیں مزید یہ کہ چونکہ یہ امتحانات(MDCAT)2022 آؤٹ آف کورس تھے لہذا سوالنامہ/ پیپرز کی غیر جانبدار پروفیسر سے تجزیہ کرا کر تمام امیدواروں کو30تا40 گریس مارکس دیئے جائیں یا پھر MDCAT2022کے امتحانات دوبارہ لئے جائیں معزز عدالت نے متعلقہ ریکارڈ اور دلائل کا جائزہ لینے کے بعد ریمارکس دئیے کہ دلائل سے ظاہر ہوتا ہے کہBUMHS,NUST اورPMCنے چند امیدواروں کی جانب سے اٹھائے گئے اس اعتراض کوکہMDCAT امتخان آوٹ آف کورس منعقد کیے گئے تھے کو درست نہیں قرار دیا ہے مزید یہ کہ درخواست گزارMDCAT امتحان 2022 کو آؤٹ آف کورس ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں اور نہ ہی امتحان میں کوئی تضاد/ قابل اعتراض امر دیکھنے کو ملا ہے لہذا نہ تو سوالنامہ/ پیپرز کی غیر جانبدارپروفیسروں سے تجزیہ کرنے اور تمام امیدواروں کو 30 یا 40 اضافی نمبر دینے اور نہ ہی MDCATامتحان دوبارہ لینے کی ضرورت ہے مذکورہ بالا وجوہات کی بنا پرمعزز عدالت نے دونوں آئینی درخواستوں کو خارج کرنے کو حکم سنا دیا۔