• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاملات بہت بگڑے ہوئے، پٹرول قیمتیں کم کر کے خوشی ہوئی، اسحاق ڈار

اسلام آباد (نمائندگان جنگ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معاملات بہت بگڑے ہوئے ، بہت اہم پوسٹیں خالی ہیں،جو بالعموم کسی کو نظر نہیں آتیں،ان پر تقرریاں کی ہیں اور معاملات کو سدھار رہے ہیں، وہ جب سے اس منصب پر آئے ہیں ،ان کی کوشش رہی ہے کہ قیمتوں میں اضافہ نہ ہو اور اب انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے قیمتیں کم کی ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم سے ملاقات کے دوران کیا،اس موقع پر پروفیسر حافظ سجاد قمر بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ نواز شریف کی سوچ یہ ہے کہ ملک ترقی کرے اور عوام کو جلد مشکل سے نکالا جائے،ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ قوم کو اسحاق ڈار سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، پٹرولیم مصنوعات میں کمی کر کے خوش آئند قدم اٹھایا ہے ،دریں اثناء وزیر خزانہ و ریونیو سے سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی انتظامیہ نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کے مشیر خزانہ طارق باجوہ، مشیر ریونیو طارق پاشا، سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ ، چیئرمین ایس ای سی پی عامر خان، عاکف سعید کمشنر ایس ای سی پی، سعدیہ خان کمشنر ایس ای سی پی، عبدالرحمن وڑائچ کمشنر ایس ای سی پی، مجتبیٰ اے لودھی کمشنر ایس ای سی پی اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی موجود تھے، وفاقی وزیر خزانہ نے ایس ای سی پی کی ٹیم پر زور دیا کہ وہ ملک میں اعلیٰ اقتصادی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کے حصول کے لئے تمام شعبوں میں مستقل، شفاف اور مرکوز ریگولیٹری نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے پوری توجہ اور جوش کے ساتھ کام کرے۔

اہم خبریں سے مزید