• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PDM ، PP اور PTI اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھ رہی ہیں، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھ رہی ہیں ، نوجوانوں کے لئے روزگار کے دروازے بند ہیں، مہنگائی کے جن نے غریب طبقہ کی نیندیں اڑا دیں، ان کے نظریات ایک جیسے مفادات میں ٹکراؤ ہے، تینوں اطراف کی سیاسی ڈرامہ بازیوں سے لوگ اکتا گئے۔ تخریبی سیاست نے ملک کا ہرشعبہ تباہ کردیا، معیشت کی تباہی اور مسائل کا ذمہ دار اقتدار پر براجمان طبقہ ہے۔ مرکزی و صوبائی حکومتیں خرابی کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈال رہی ہیں حالانکہ سب شریک جرم ہیں، عوام نے انہیں پہچان لیا۔ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے اقتصادیات اور معاشرت تباہ کرکے ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا۔ مسائل کا حل اسلامی نظام ہے،وہ منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔سراج الحق نے کہا ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مسلسل دوماہ سے کمی ہوئی ہے، ڈالر بلیک میں ڈھائی سو روپے سے اوپر، انٹر بنک اور اوپن مارکیٹ ریٹس میں واضح فرق ، ملک میں ایک اور مافیا ڈالر مافیا کی صورت پیدا ہوگیا ہے۔کرنسی بحران کے خطرہ کے پیش نظر لاہور جیسے شہر میں مسلسل دوروز اے ٹی ایم بند رہے، آٹا 130روپے کلو فروخت ہورہا ہے ، روٹی اور نان کی قیمتیں بیس سے پچیس روپے تک پہنچ گئیں، نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے بند ہیں، مہنگائی کے جن نے غریب اور سفید پوش طبقہ کی نیندیں اڑا دیں۔ جماعت اسلامی نے ہرمشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیا ہے ، گرین کارڈ ہولڈر حکمران ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔ زلزلہ ، کرونا ہو یا سیلاب ، جماعت اسلامی عوام کی خدمت میں مصروف رہی ، جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو معیشت کو سود سے پاک کریں گے، نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار ملے گا، صحت کے نظام میں بہتری لائیں گے، قانون کی حکمرانی قائم ہوگی، احتساب کا کڑا نظام متعارف کروایا جائے گا اور قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں ملک کا ہرشعبہ ٹھیک کیا جائے گا، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوگی اور ترقی و خوشحالی ملک کا مقدر بنے گی۔
اہم خبریں سے مزید