لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف قمر باجوہ پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی تینوں کے محسن ہیں، انھوں نے پہلے ایک کے منہ میں فیڈر دیا پھر اتحادیوں کو تھما دیا، فیڈر چھن جانے پر اب پی ٹی آئی رو رہی ہے ، عدم اعتماد کے نام پر آج سے نہیں مہینوں سے تماشا جاری ہے، سب کچھ باہمی انڈراسٹینڈنگ سے ہو رہا ہے، اصلاحات کے بغیر الیکشن ہوئے تو نیا پنڈوراباکس کھل جائے گا، وہ گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ پر سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر ضلع لاہور ضیا الدین انصاری، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور ڈاکٹر معاذ سعید اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کانفرنس کا انعقاد اسلامی جمعیت طلبہ نے کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ نبی اکرم کے اسوہ¿ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی انسانیت دنیاوی و اخروی کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔