اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے بنوں اور دیگر دہشتگردوں کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کسی بھی دہشتگرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی، سختی سے نمٹا جائے گا۔ امن وامان کی بنیادی ذمہ داری صوبوں کی ہے لیکن وفاق ان مسائل پر آنکھیں بند نہیں کر سکتا، دہشتگردی کے مقابلے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی قومی سلامتی کا حساس مسئلہ ہے جس کے تدارک کیلئے اجتماعی سوچ اور لائحہ عمل کی ضرورت ہے، دہشتگردی کے ذریعے افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش سختی سے کچل دیں گے، دہشتگردوں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں کی بیرونی سہولت کاری اور پناہ گاہوں کا بھی سدباب کریں گے، قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ دہشتگردی کا خاتمہ کر کے رہے گی، شہدا کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے، ردالفساد اور ضرب عضب دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات تھے۔