کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیمیں مستقل خطرہ ہیں اس لئے ان کے خلاف موثر اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن شروع کیا جانا چاہئے، اسٹریٹ کرمنلز نے کراچی کے شہریوں میں خوف اور بے چینی پیدا کررکھی ہے اور ان کی تعداد اتنی زیادہ نہیں کہ ان کا صفایا نہ کیا جاسکے ،پولیس اور رینجرز اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن کے لئے منصوبہ تیار کریں اور ایسے مقامات جہاں پر وارداتیں زیادہ ہوتی ہیں وہاں پر فورسز کی تعیناتی کو یقینی بنائیں،دہشت گرد تنظیمیں اور اسٹریٹ کرمنلز دو بڑے خطرات ہیں، وزیر اعلی ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے امن و امان سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز تیز کرنے اور منظم حکمت عملی کے ذریعے شہر سے اسٹریٹ کرمنلز کے خاتمے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ،اجلاس میں چیف سیکرٹری سہیل راجپوت، ڈی جی رینجر میجر جنرل اظہر وقاص، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری فیاض جتوئی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران یعقوب، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ خادم رند اور صوبائی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان نے شرکت کی، وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کے شرکاء کے ساتھ مشاورت سے پولیس سمیت تمام انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان قریبی کوآرڈی نیشن پر زور دیا تاکہ حساس معلومات پر فوری کارروائی کی جا سکی، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرمنلز نے صرف دسمبر کے مہینے میں سات افراد کو قتل کیا یہ ناقابل قبول اور حکومت کے لئے ایک چیلنج ہے، اس لئے پولیس اور رینجر مل کر اس خوف کا خاتمہ کریں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن مقامات میں اسٹریٹ کرمنلز زیادہ سرگرم ہیں انہیں پولیس کی تعیناتی کے ذریعے محفوظ بنایا جائے گا۔