اسلام آباد (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ یہ لوگ عمران خان سے خوفزدہ ہیں ، پاکستان کا بنیادی بحران سیاسی ہے ، معیشت اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے، رجیم چینج آپریشن کے نتائج ملک کیلئے نقصان دہ ہیں، سیاسی کشمکش میں فریق بننا ریاستی اداروں کیلئے نقصان دہ ہے،بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگوکے دوران ان کاکہنا تھا کہ ملکی معاشی پالیسی کے حوالے سے فیصلہ سازی میں آرمی چیف کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے، ریاستی امور میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کے حوالے سے واضح لکیر کھینچنے کی ضرورت ہے،ہم نے آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر مزاحمت کی اور آخری روز تک یہ سلسلہ جاری رکھیں گے، مزاحمت کی شکل تبدیل ہوتی رہتی ہے ، اگلا مرحلہ اسمبلیوں کی تحلیل کا ہے۔ علاوہ ازیں اسد عمر کی زیرصدارت ایک اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے فرار کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور قانونی ٹیم کو آئینی درخواست کی تیاری کی ہدایات دی گئیں ، اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے قانون سازی کے ذریعے انتخاب کو التوا میں ڈالنے کی کوششوں کی بھر پور مذمت کی گئی ، تحریک انصاف نے ن لیگ کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلدیاتی انتخاب کے التوا کی درخواست پر بھی فریق بننے کا فیصلہ کیا گیا ، اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہیں ، امپورٹڈ حکومت کو بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے ، ہر صورت انہیں عوام کی عدالت میں لے کر جائیں گے۔