پشاور(جنگ نیوز)زرعی یونیورسٹی پشاور کے ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی ایشورنس (DQA) نے یونیورسٹی شعبہ جات کے سربراہان اور فوکل پرسنز کے لئے " معیاری ادارہاتی کارکردگی ، Institutional Performance Evaluation Standards " کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت تھے۔ ورکشاپ کا مقصد چیئرپرسنز، ایچ او ڈیز اور ان کے متعلقہ فوکل پرسنز کو ادارہ جاتی کارکردگی کی تشخیص کے معیارات کے بارے میں رہنمائی کرنا تھا جو کہ ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے کوالٹی ایشورنس کے لئے ایک اہم جز میں سے ایک ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے اپنی تقریر میں اس قسم کے مفید ورکشاپ کے انعقاد پر ڈائریکٹوریٹ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یقیناً یہ ادارہ جاتی ترقی کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اس قسم کی تربیتی ورکشاپس کے انعقاد پر زور دیا۔ ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت اور دیگر شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کو کامیاب بنانے میں ان کی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے ریسورس پرسن کا بھی شکریہ ادا کیا۔